جموں//سنڈے تھیٹر کے تحت رانی پارک میں بلونت ٹھاکر کا ڈوگری ڈرامہ ’گھٹ ‘ پیش کیا گیا۔ کرشن چندر کے اردو ناول کھڈا پر بنائے گئے اس ناٹک کی کہانی انسانی اقدار کے ارد گرد گھومتی ہے جس میں کلاکاروںنے منظر نگاری اور مکالمہ نگاری کے جوہر بکھیرے۔اس کہانی میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح لوگ اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہوئے دوسروں کو اس کےلئے موردِ الزام ٹھہراتے ہیں۔ عملی کام کرنے کے بجائے زبانی جمع زیادہ ہوتا ہے ۔کہانی میں تمثیلاً بتایا گیا ہے کہ ایک شخص کھڈے میں گر جاتا ہے اور باہر نکلنے کے لئے دوسروں سے مدد طلب کرتا ہے ۔ بہت سے لوگ جن میں لیڈر، انجینئر، مذہبی پیشوا، سیاستدان اورحکمران گذرتے ہیں لیکن کوئی بھی اس کی مدد نہیں کرتا۔ ایک سادھو اسے آشیر واد تو دیتا ہے لیکن باہر نہیں نکالتا، پولیس والا ایف آئی آر درج کرلیتا ہے تو غیر ملکی خاتون اس سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس کی پسند کے بارے میں دریافت کرتی ہے ۔ حالات اس وقت زیادہ مضحکہ خیز بن جاتے ہیں جب ایک وزیر سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں شکایت ملنے پر علاقہ کے دورہ پر آتا ہے تو محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر اسے کھڈے سے باہر نکالنے کے بجائے اس پر لکڑی کے تختے ڈال کر کھڈے کو چھپا دیتے ہیںاور اسی پر منسٹر کے لئے سٹیج بنا دی جاتی ہے ۔