سرینگر // سینٹرل یونیوسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسرمعراج الدین میر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی اگلے تعلیمی سیشن میںدو مزید شعبوں میں بی ایس سی اور ایم ایس سی کا پروگرام شروع کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی شعبہ کمسٹری میں بی ایس سی اور ایم ایس سی جبکہ شعبہ میڈیکل لیب ٹیکنالوجی میں 2018سے بی ایس سی کی ڈگری شروع کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگراموں کا آغاز ماہرین کے ساتھ صلح و مشورے کے بعد کیا گیا ہے ،وہ سینٹرل یونیوسٹی کے پلانگ اور مانیٹرنگ بورڈ کی دوسرے میٹنگ کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کو بڑھاوا دینے کیلئے یونیورسٹی نے سینٹرل ریسرچ کونسل کا قیام عمل میں لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تحقیقی پروجیکٹوں کیلئے بنیادی معاضہ 50ہزار سے بڑھاکر 1لاکھ 25ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی تدریسی شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے اور اب یونیورسٹی میں 2ہزار سے زائد طلاب زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندربل میں یونیورسٹی کی تعمیر میں کام جاری ہے اور متعلقہ ایجنسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ 2018تک یونیورسٹی کی تعمیر مکمل ہوگی۔ اس موقعے پر پروفیسر محمد افضل زرگر نے یونیورسٹی کے بارے میں تمام تفاصیل دی۔ انہوں نے حاضرین کو NAACکے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی ۔ اس موقعے پر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیوسٹی راجوری کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت ، سابق ڈائریکٹر نیشنل انسٹیچوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر پروفیسر اے آر ڈار،سابق پروفیسر این آئی ٹی پروفیسر جی اے وانی ، رجسٹرار کشمیر یونیوسٹی پروفیسر خورشید احمد بٹ ، سابق جوائنٹ سیکریٹری یوجی سی کے پی سنگھ اور دیگر مہمان بھی موجود تھے جبکہ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹرریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر عبدالغنی نے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔