سرینگر //دختران ملت نے کہا ہے کہ صدر اسپتال سرینگر سے پاکستانی جنگجو نوید عرف ہنزلہ کے فرار ہونے کے بعدسنٹرل جیل میں قیدمزاحمتی قائدین و کارکنان کو زبردست عتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔دختران نے قیدیوں سے روا رکھے جارہے سلوک کی مذمت کی ہے۔تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ نوید کے اسپتال سے فرار ہونے کی خفت جیل انتظامیہ دوسرے قیدیوں پر اتار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوید کے فرار ہونے کے دوسرے ہی روز 18 انڈر ٹرائل قیدیوں کو یہاں سے منتقل کر دیا گیااور بوکھلاہٹ کا شکار جیل حکام نے دوسرے قیدیوں کو بھی سخت عتاب کا نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جیل اب گوانتانامو بے سے بدتر بن گیا ہے۔آسیہ کے مطابق جیل کی لگام پولیس ٹاسک فورس سے وابستہ افسر مکیش کمار کو سونپ دی گئی ہے جس نے یہاں ظلم و زیادتی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ملاقات کے لئے آنے والے لوگوں کو بھی سخت مشکلات کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ نہیں روکا گیا تو ریاستی انتظامیہ کو عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔