نئی دہلی//سابق مرکز ی وزیر اور کانگریس رہنما ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی مشتبہ حالات میں موت کے معاملے میں دہلی پولیس نے چارسال کے بعد یہاں پٹیالہ ہاوس کورٹ میں تین ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کیا۔پولیس نے مسٹر تھرورکو ملزم کے طورپر طلب کرنے کے لئے عدالت سے سمن جاری کرنے کی اپیل کی ۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دھرمیندر سنگھ کی عدالت میں تعزیرات ہند کی دفعات 306اور 498اے کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی۔ اس معاملے میں اگلی سماعت 24مئی کو ہوگی۔اس معاملے میں ایف آئی آر دفعہ306کے تحت تھرور پر سنندا کو خودکشی کے لئے اکسانے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ چارج شیٹ میں سابق مرکزی وزیر واحد ملزم ہیں۔ محترمہ پشکر 17فروری 2014کو لیلا ہوٹل کے کمرہ نمبر 345میں مشتبہ حالت میں مردہ پائی گئی تھیں۔موت کے پہلے خودکشی بتایا گیا تھا لیکن وسرا رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے ایف آئی میں نامعلوم شخص کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ کے لئے اسپیشل ٹاسک فورس بھی قائم کیا گیا تھا۔چارج شیٹ داخل کئے جانے کے بعد مسٹر تھرور نے ٹوئٹ کرکے اسے غلط بتایا اور کہا کہ وہ اس کے خلاف لڑیں گے ۔ انہوں نے دو ٹوئٹ کرکے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی سنندا کو جانتا تھا اسے یہ بات معلوم ہے کہ صرف میرے اکسانے سے وہ خودکشی نہیں کرسکتی ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ساڑھے چار سال کی جانچ کے بعد دہلی پولیس کا اس نتیجہ پر پہنچنا اس پر سوالیہ نشان لگاتا ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سترہ اکتوبر کو دہلی ہائی کورٹ میں جانچ افسر نے بیان دیا تھا کہ اس معاملے میں انہیں کسی کے خلاف ثبوت نہیں ملے ہیں اور اب چھ ماہ بعد یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے خودکشی کے لئے اکسایا۔ یہ ناقابل اعتبار ہے ۔''یو این آئی