سیالکوٹ// پاکستان نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی ہے اور بھارت و امریکہ اسکا حصہ ہیں۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لئے بھارت اور امریکا بین الاقوامی سازش کا حصہ ہیں جو برصغیر کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مذکورہ معاہدے کی شقوں کے حوالے سے بین الاقوامی برادری نے کبھی بھی پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا۔وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے، خاص طور پر بھارت اور افغانستان سے، جو پاکستان کی جانب سے دیرپا امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا مثبت جواب نہیں دے رہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی امن اور ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کی خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ’یہ بھارت اور افغانستان کے لئے اہم وقت ہے کہ وہ اچھے ہمسایوں کی طرح پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کے آغاز کا مثبت جواب دیں اور الزامات لگانا بند کریں‘۔وفاقی وزیر خارجہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مستقل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، اس کے علاوہ بھارت، افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں میں مدد کررہا ہے جس کا مقصد ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر غیر مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے نئی دہلی اور کابل سے کہا کہ وہ اسلام آباد کی جانب سے امن کے لئے کئے جانے والے آغاز کی حمایت کریں۔