اسلام آباد//پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ سمیت باہمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔پاکستانی دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس معاہدے سمیت کسی بھی باہمی معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر بھرپور قانونی کاروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ بھارت نے کچھ روز قبل سندھ طاس معاہدہ پر نظر ثانی کی بات کی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔نفیس ذکریا نے کہا کہ حال ہی میں برکس اجلاس میں پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا آشکار ہو چکا ہے،بھارت کی جانب سے بین الاقوامی فورمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں 8 مرتبہ سارک کانفرنس ملتوی ہوئی جس میں سے 5 مرتبہ بھارت کی وجہ سے تعطل آیا۔نفیس ذکریا نے کہا کہ 'بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے ، ہم بھارت کی جانب سے سارک کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔