نئی دہلی// مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلے میں اموات کے اندراج کیلئے آدھار نمبر لازمی قرار دیا ہے ۔یہ فیصلہ شناختی فراڈ سے بچنے کیلئے لیا گیا ہے ۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ ریاست جموں وکشمیر،آسام اور میگھالیہ کے بغیر سبھی ریاستوں پر لاگو ہوگا جس کیلئے علیحدہ طور نوٹفکیشن جاری کی جائے گی ۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آدھار نمبر متوفی فرد کی شناخت کیلئے ضروری ہوگا تاکہ اس سے اموات کی رجسٹریشن ہوسکے ۔اس فیصلے کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا ۔وزارت داخلہ کے تحت قائم رجسٹررار جنرل کے مطابق آدھار کا استعال متوفی شخص کی شناخت میں کسی قسم کی غلط اطلاع سے بچاجاسکے جو رشتہ داروں کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے ۔رجسٹرار جنرل نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے تعمیلی رپورٹ یکم ستمبر تک پیش کریں ۔جو شخص بھی کسی کی سند وفات نکالنا چاہے اس پر لازم ہے کہ وہ متوفی کا آدھار نمبر پیش کریں گے ۔اگر کسی متوفی کے بارے میں آدھار نمبر کے حصول سے متعلق کوئی جانکاری نہ ہو تو درخواست دہندہ کو اس بارے میں سند پیش کرنی ہوگی کہ متوفی کے پاس آدھار نمبر نہیں تھا