رمیش کیسر
سندر بنی//ایس ایس پی ٹریفک رورل گرداری لال شرما نے منگل کے روز سندر بنی اور نوشہرہ میں ٹریفک پولیس کے حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور سرکاری ڈگری کالج ٹھنڈا پانی سندر بنی میں طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی اہمیت کے حوالے سے بیدار کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی نے کہا کہ ہر شہری کے لئے ٹریفک قوانین کی جانکاری ضروری ہے، کیونکہ ان کی پابندی ہی حادثات سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سال 2023 میں ہندوستان میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد مختلف سڑک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حادثات کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی عدم آگاہی ہے۔ایس ایس پی گرداری لال شرما نے بغیر ہیلمٹ کے دو پہیہ گاڑی چلانے، نابالغ بچوں کو گاڑی دینے، تیز رفتاری، اور موبائل فون کے استعمال جیسے عوامل کو خطرناک قرار دیا اور کہا کہ ایسے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نابالغ بچوں کو گاڑی دینے والے والدین کو ٹریفک قوانین کے مطابق جیل بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ان کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ کا استعمال، رفتار کی پابندی، اور ضروری کاغذات کے بغیر گاڑی نہ چلانا ٹریفک کے بنیادی اصول ہیں، جنہیں ہر شہری کو اپنانا چاہیے۔ایس ایس پی نے کالج پرنسپل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں بیداری کیمپ منعقد کرنے سے طلبہ کو مفید معلومات حاصل ہوں گی اور وہ معاشرے میں بہتر شہری بننے کے لیے تیار ہوں گے۔