رمیش کیسر
نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی قصبہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک دکاندار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ متوفی کی شناخت جسبیر سنگھ ولد غریب چند، سکنہ چرتھانی سندر بنی کے طور پر ہوئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، جسبیر سنگھ اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سندر بنی مارکیٹ میں واقع اپنی دکان کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی پھسل گئی، جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ راہگیروں نے فوری طور پر زخمی کو طبی امداد کے لئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سندر بنی پہنچایاتاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔حادثے کے بعد ہسپتال میں میڈیکو لیگل کارروائی مکمل کی گئی، اور لاش کو قانونی ضوابط کی تکمیل کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا۔ادھر، مقامی پولیس نے حادثے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد کارروائی شروع کر دی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ موٹر سائیکل پھسلنے کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔جسبیر سنگھ کی اچانک موت سے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں اور دکانداروں نے مرحوم کو ایک محنتی اور خوش اخلاق شخص قرار دیتے ہوئے ان کی موت کو علاقے کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔