رمیش کیسر
سندر بنی // سب ڈویژن سندر بنی کے باجی بائن گاؤں میں مقامی لوگوں نے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے محکمہ بجلی اور سرکار پر الزام لگایا کہ گزشتہ تین دنوں سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر ٹھپ ہے لیکن متعلقہ افسران اور حکومت کی جانب سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اْٹھایا جا رہا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی کے ذمہ داران محض بیانات دے کر اپنی جان چھڑا رہے ہیں جبکہ عوام بدترین مشکلات کا شکار ہیں۔ احتجاج میں شامل دکانداروں اور عام شہریوں نے بتایا کہ کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں اور گھریلو زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ لوگوں نے کہا کہ موبائل فون چارج نہ ہونے، پینے کے پانی کی قلت اور برقی آلات کے بند رہنے سے روزمرہ کے معمولات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔مظاہرین نے سرکار اور محکمہ بجلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر بجلی کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔