جموں//ہندوپاک افواج کے درمیان پیر کو بھی فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس دوران راجوری کے سندربنی اور جموں کے اکھنور سیکٹروں میں کشیدگی دیکھی گئی۔پیر کی شب جموں کے اکھنور اور راجوری کے سندربنی سیکٹر میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ ہواتاہم اس دوران کسی طرح کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع نے بتایاکہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ رات پونے گیارہ بجے شروع ہوا جو جلد ہی تھم گیا لیکن جموں کے اکھنور سیکٹر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان منگل کی صبح تک گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس دوران کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سندربنی میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ۔حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی تھنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے اور پلوامہ خود کش دھماکے کے بعد اس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔