محتشم احتشام
پونچھ// سنت پورہ ڈھیرہ ننگالی صاحب جو کہ ایک تاریخی اور روحانی اہمیت رکھنے والا گردوارہ ہے، کو جانے والی سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس صورتحال نے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین کے لئے شدید مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ گردوارہ انتظامیہ کے عہدیداران اور مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم گذرگاہ کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔گردوارہ انتظامیہ کے نمائندوں کے مطابق حالیہ بارشوں نے سڑک کی ٹوٹ پھوٹ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ جگہ جگہ کھڈے پڑنے اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات نے عقیدت مندوں کے سفر کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔ بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے نہ صرف راہگیروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔انتظامیہ نے کہا کہ ننگالی صاحب گردوارہ ہر روز بڑی تعداد میں عقیدت مندوںکو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے، مگر سڑک کی ابتر حالت ان کے لئے ایک کٹھن آزمائش بن گئی ہے۔ عقیدت مندوںکو اکثر کئی کلومیٹر کا سفر نہایت احتیاط کے ساتھ طے کرنا پڑتا ہے، جو ان کی روحانی حاضری کے جذبے پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔مقامی شہریوں نے بھی اس مسئلے پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی سہولیات خصوصاً مذہبی مقامات کی طرف جانے والے راستوں کو بہتر حالت میں رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک عام سڑک نہیں بلکہ ایک ایسی راہ ہے جو مذہبی عقیدت اور لوگوں کے جذبات سے جڑی ہوئی ہے۔ اس کی خستہ حالی سے نہ صرف عوام کو دشواریاں پیش آرہی ہیں بلکہ علاقے کی ساکھ پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔شہریوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کریں کہ جلد از جلد سڑک کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ اس سے نہ صرف عقیدت مندوں کو سہولت ملے گی بلکہ علاقے میں آنے والے عقیدت مندوںپر بھی مثبت تاثر قائم ہوگا۔عوام اور گردوارہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ لہٰذا فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ زائرین بلا خوف و خطر اور بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی حاضری دے سکیں۔