کوکر ناگ//سنتھن ٹاپ کوکر ناگ میں پیش آئے سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں دوشیزہ سمیت 2 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ5دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ سنتھن ٹاپ سے گاڑی ویگنار زیر نمبرJK03F 7505کوکر ناگ کی طرف آرہی تھی کہ اس دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار07افراد شدید زخمی ہوئے اگر چہ وہاں موجود لوگوں نے بچائو کاروائی شروع کی اور زخمیوں کو فوری طور پر باہر نکلا تاہم 35سالہ نثار احمد راتھر و17سالہ رفعت جان دختر محمد مقبول کمار ساکنان پیر تکیہ کوکر ناگ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے ،اس حادثے میں مزید 05افراد جن میں طارق احمد راتھر ولد عبد الرحمان ،شاہد احمد ملک ولد نزیر احمد ملک،بسماجان دختر عبد الماجد پرے ،ظہور احمد راتھر ولد احمد اللہ و نرگس حمید دختر حمید بٹ ساکنان ہلڑ کوکر ناگ شدید ذخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج معالجہ کے لئے ضلع اسپتال اننت ناگ میں داخل کیا گیا ہے ۔جہاں سے دو کو نازک حالت میں سرینگر ریفر کیا گیا ہے ۔ پولیس زرائع کے مطابق یہ سبھی افراد سنتھن ٹاپ گھومنے گئے تھے اور واپسی کے دوران گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے ۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے۔