عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے خراب موسمی حالات اور سنتھن ٹاپ پر شدید برفباری کے پیش نظر کشتواڑ۔سنتھن قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کے حوالے سے عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنکج کمار شرما کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں شدید برفباری کے نتیجہ میںسڑک پر برف کے جمع ہونے، پھسلن اور پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سنتھن ٹاپ کی جانب جانے والی شاہراہ پر سفر انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام، ٹرانسپورٹرز، سیاحوں اور ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک کشتواڑ سے سنتھن ٹاپ اور سنتھن ٹاپ سے کشتواڑ کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں جب تک کہ متعلقہ حکام اس شاہراہ کو محفوظ اور ٹریفک کے قابل قرار نہ دے دیں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس، ٹریفک پولیس، بی آر او، این ایچ آئی ڈی سی ایل، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ حساس مقامات پر ناکے اور بیریکیڈز قائم کیے جائیں گے تاکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جا سکے۔ ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ایڈوائزری عوامی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔ ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔