عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے وا لی واحد کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ گزشتہ دوہفتوں سے آمدورفت کیلئے مسلسل بند پڑی ہے جبکہ سڑک پر موسم میں بہتری کے بعد ہی گاڑیوں کے چلنے کی اجازت دی جائےگی۔ این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر دونوں اطراف سے برف ہٹانے کا عمل پانچ روز قبل ہی مکمل کرلیاگیاتھا تاہم متعدد مقامات پر پھسلن و مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر گاڑیوں کی آواجاہی کی اجازت نہیں دی جاری ہے۔انہوںنے کہا کہ ٹریفک کو چلانے کیلئے ہرروز سڑک کا معائنہ حکام کی طرف سے کیا جارہاہے اور سڑک کو تبھی کھولا جائےگا جب یہ آمدورفت کے قابل ہوگی جسکے بعد ہی شاہراہ پر دوبارہ آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ادھرمسلسل سڑک رابطہ بند ہونے کے سبب عوام میں سخت تشویش ہے ۔عوام کا مطالبہ ہے کہ سڑک کو بہتر کرکے ا س پر ٹریفک کو دوبارہ بحال کیاجائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات نہ ہوں۔ واضح رہے کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی سنتھن ٹاپ پر کی فٹ سے برفباری ہوتی ہے جسکے بعد اس سڑک پر سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے برابرہوتاہے۔