اکھلیش برہم
عظمیٰ نیوز ڈیسک
لکھنو//اتر پردیش کے سنبھل میں 24نومبر کو ہونے والی تشدد کے بعد حالات اب قدرے پرامن ہیں، تاہم انتظامیہ نے باہر کے افراد کے شہر میں داخلے پر 10دسمبر تک پابندی لگا دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راجندر پانڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ 10دسمبر تک کسی بھی بیرونی شخص یا تنظیم کو، بغیر متعلقہ حکام کی اجازت کے سنبھل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔یہ فیصلہ اس لیے اہم ہے کیونکہ سماج وادی پارٹی کا ایک نمائندہ وفد سنبھل میں ہونے والے تشدد کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کے لیے آج شہر کا دورہ کرنے والا تھا۔ پارٹی نے اس فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ حکومت پولیس کی مدد سے ان کے نمائندوں کو سنبھل جانے سے روک رہی ہے تاکہ تشدد کے بارے میں سچائی سامنے نہ آ سکے۔سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا، یہ پابندی بی جے پی حکومت کی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے۔