محمد تسکین
بانہال // منگل سے بدھ کی شام تک جاری رہنے والی بارشوں اور ندی نالوں میں آئی طغیانی کی وجہ سے ضلع رام بن کے علاقوں میں رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچنے، لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے ، زمین کھسکنے اور دیواریں نکل جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور کئی بستیوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ ضلع رام بن کے کڈجی منگت ، پوگل پرستان کے گوہالہ ، مالیگام ، نیل ، کھڑی مہو منگت ، سممبڑ ، سناسر ، چھانپہ بٹوت ، سناسر ، گول سنگلدان ،ٹھٹھارکہ ، راجگڑھ ، بٹوٹ اور گاندھری رامبن کے علاقوں میں عوامی املاک کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں انتظامیہ نے لوگوں کو احتیاطی طور محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ۔ سناسر کی پنچایت سنا کا ایک بڑا علاقہ کھسک رہا ہے جس کی وجہ سے ایک بڑی بستی کو دھنسنے کا خطرہ لاحق ہوا ہے اور ابھی تک دو مکان گر گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو نے جمعرات کے روز علاقے کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقیل کرنے اور راحت رسانی کی کاروائی جاری ہے ۔ سناسر کے مقامی سماجی کارکن بودھراج سلاریہ نے بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے جموں سرینگر قومی شاہراہ سے ناشری سے سے سنا کیلئے بنائی گئی سڑک پر پانی کی نکاسی کیلئے کوئی نظام نہ ہے جس کی وجہ سے ایک کلورٹ سے نکلنے والے پانی نے زمین کو دلدلی بنا دیا جس کے زور سے سنا کے کم از کم ڈیڑھ درجن درجن مکان کھسک رہے ہیں اور دو مکان کوئی سامان نکالے بغیر ڈھ بھی گئے ہیں۔ ضلع حکام نے اس متاثرہ علاقے میں پندرہ کنبوں کے 101افراد خانہ کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیااور ان کی راحت رسانی کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں اور محکمہ مال کے نائب تحصیلدار موقع پر برابر موجود ہیں۔ اسی طرح بانہال ۔ منگت روڈ پر کڈجی کے مقام پی ایم جی ایس وائی کی بغیرحفاظتی دیوار والی سڑک نکل جانے سے کئی گھروں کو نکلنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور کڈجی کے مقامی لوگوں نے اس مقام پر جلد از جلد کنکریٹ کی دیواریں تعمیر کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ سڑک اور سڑک کے بعد رہائشی مکانوں کے کھسکنے کے خطرے کو ٹالا جا سکے ۔اس دوران کنگا سے گاندری ، شالگڑھ سے پوگل ۔ مالیگام اور کھڑی سے مہو اور ترگام اور مکرکوٹ سے نیل کو جانے والی رابطہ سڑکیں پسیوں کے گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں اور ہزاروں کی آبادی کا عبور و مرور دشوار ہوگیا ہے ۔ ان سڑکوں پر بحالی کے کام کو شروع کیا گیا ہے جبکہ ضلع انتظامیہ نے ضلع رام بن کی بیشتر سڑکوں کو بحال کیا ہے ۔