یواین آئی
نئی دہلی// ایمرجنسی کے نفاذ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر، جو ہندوستان کی جمہوری تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک کے طور پر یاد کی جاتی ہے، وزارتِ ثقافت نے دہلی حکومت کے تعاون سے قومی دارالحکومت میں ’سمِوِدھان ہَتیا دیوس‘ کی تقریب منعقد کی۔ اس موقع نے آئین میں درج قدروں کے تحفظ کی اہمیت کی ایک طاقتور یاد دہانی فراہم کی اور جمہوریت کے تئیں قوم کی وابستگی کا اعادہ کیا۔اس تقریب میں مرکزی وزیرِ داخلہ اور وزیرِ تعاون امت شاہ بطور مہمانِ خصوصی، مرکزی وزیرِ ثقافت و سیاحت گجندر سنگھ شیخاوت، مرکزی وزیر برائے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، ریلویز اور اطلاعات و نشریات اشونی ویشناؤ، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وِنے کمار سکھینا، اور دہلی کی وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون امت شاہ نے اپنے خطاب میں ایمرجنسی کے سیاہ دور کو محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ایک پائیدار سبق کے طور پر یاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا،’’برے واقعات عام طور پر فراموش کر دئیے جاتے ہیں، لیکن جب ان کا تعلق سماجی یا قومی زندگی سے ہو، تو انہیں ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔ یہ اس لیے ضروری ہے کہ ملک کے نوجوان صحیح اقدار سے روشناس ہوں، جمہوریت کے تحفظ کے لیے تیار رہیں اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایسے سیاہ دن دوبارہ نہ آئیں۔‘‘ شاہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اسی سوچ کے پیشِ نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر سال 25 جون کو ‘سموِدھان ہتیا دیوس’ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا، جسے وزارت داخلہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے نافذ کیا گیا۔ یہ دن نوجوان نسل کو آمریت کے خطرات اور آئین کی روح کو قائم رکھنے کی ضرورت سے باخبر کرنے کے لیے وقف ہے۔انہوں نے کہا،’’اس دن کو یاد رکھنا اس لیے بھی نہایت اہم ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص اس ملک میں آمریت مسلط نہ کر سکے۔ ایمرجنسی کے دوران ایک خطرناک نظریہ جنم لے چکا تھا کہ پارٹی قوم سے بڑی ہے، خاندان پارٹی سے بڑا، فرد خاندان سے بڑا، اور اقتدار قومی مفاد سے بھی بالاتر ہے۔‘‘ امت شاہ نے مزید کہا کہ آج کا قومی جذبہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ’نیشن فرسٹ‘ (قوم سب سے پہلے) کے تصور کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔‘‘وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ’نیشن فرسٹ‘ کا نظریہ آج ملک کے ہر فرد کے دل میں گونج رہا ہے۔ یہ تبدیلی اْن ہزاروں جمہوری مجاہدین کی جدوجہد کے باعث ممکن ہوئی ہے جنہوں نے ایمرجنسی کے دوران 19 ماہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ آج، وزیر اعظم مودی کی قیادت میں، 140 کروڑ ہندوستانی ہر شعبے میں ہندوستان کو عالمی سطح پر نمبر ایک بنانے کے لیے کوشاں ہیں، اور 2047 کے وڑن کے ساتھ اس مقصد کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔