محمد بشارت
کوٹرنکہ// بلاک بدھل کے نیو کی پنچایت حلقہ سموٹ کے علاقے لال بنی گنان میں شام کے وقت ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ٹریکٹر زیر نمبر JK11G-4973 حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے وقت ٹریکٹر پر تین افراد سوار تھے۔ حادثہ کے فوراً بعد ڈرائیور محمد فاروق ولد محمد نظیر سکنہ لال بنی موقع سے فرار ہوگیا۔حادثے میں منظور احمد ولد محمد نظیر ساکنہ پھلنی، عمر 16 برس موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا نوجوان عامر حسین ولد عبدالمجید ساکنہ پھلنی، عمر 14 برس شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو ابتدائی علاج کے لئے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر (CHC) کنڈی، کوٹرنکہ منتقل کیا گیا جہاں سے بہتر علاج کے لیے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) راجوری ریفر کر دیا گیا۔ادھر، پولیس نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔