عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// نیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر فوج نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری اور پرائمری میڈیکل سنٹر کانڈی کے اشتراک سے سموٹ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔اس اقدام کا مقصد فوجی اہلکاروں اور مقامی شہریوں کو رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے کی ترغیب دینا اور اہم مریضوں کے لئے خون کے ذخائر کو مضبوط بنانا تھا، ساتھ ہی بھارتی فوج کے کمیونٹی ویلفیئر کے عزم کو اجاگر کرنا بھی تھا۔کیمپ میں فوجی اہلکاروں، سی آر پی ایف کے جوانوں اور مقامی شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جس سے انسانیت کی خدمت اور یکجہتی کے جذبے کی عکاسی ہوئی۔فوجی میڈیکل اسپیشلسٹس کے علاوہ گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری اور پی ایم سنٹر کانڈی کے ماہر ڈاکٹروں نے بلڈ یونٹس کے محفوظ اندراج، اسکریننگ اور ذخیرہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی کی۔اس موقع پر آگاہی سیشنز بھی منعقد کئے گئے جن میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی اہمیت، اس کے طبی فوائد اور ہنگامی حالات، سرجری اور دائمی امراض کے علاج میں اس کے زندگی بچانے کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔کیمپ کے دوران کل 42 ڈونرز نے خون عطیہ کیا، جن میں 30 فوجی اہلکار، 10 سی آر پی ایف جوان اور 2 مقامی شہری شامل تھے۔ اس کے علاوہ جی ایم سی راجوری کے 6 اور پی ایم سنٹر کانڈی کے 10 عملے کے ارکان نے طبی معاونت فراہم کی جس سے کیمپ کی کارروائی خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی۔