کلکتہ //گرچہ ''تتلی '' طوفان کی شدت میں کمی آگئی ہے تاہم ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کئی ساحلی علاقوں میں شدید بار ش کی وجہ سے سیلاب آنے کا خطرہ برقرار ہے ۔جمعرات کی صبح تک ''تتلی '' طوفان میں بہت ہی زیادہ شدت تھی مگر ساحل کے پہنچنے تک اس میں کمی آئی ہے تاہم اس کی وجہ سے موسم اچانک سرد ہوگیا ہے اور کلکتہ ، مغربی بنگال اور اڑیسہ کے کئی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔آج دوپہر سے ہی کلکتہ و دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہورہی ہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سنیچر تک ریاست کے گنگائی اضلاع میں تیز طوفان کے ساتھ بارش ہونے کاامکان ہے ۔''تتلی'' طوفان میں شدت کمی آنے کی وجہ سے یہ ہوا کے دباؤمیں تبدیل ہوجائے گا ۔یہ طوفان اڑیسہ کے گنجن ضلع کے گوپال ساحل سے ٹکرانے کی امید ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی و جنوبی 24پرگنہ، مالدہ، جنوبی و مشرقی مدنی پور، جھاڑ گرام ، مشرقی بردوان ، ہوڑہ اور ہگلی کے متاثر ہونے کی توقع ہے ۔اس کے ساتھ ہی کلکتہ، بانکوڑہ ، پرولیا، بیر بھوم ، مرشدآباد ، مالدہ ،شمالی و جنوبی دیناج پور اضلاع میں بھی بارش کی توقع ہے ۔مچھیروں کو خلیج بنگال میں جانے سے گریزکرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت 45سے 55کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔دیگھا اور مندار منی میں سیاحوں کو سمندر میں نہیں جانے دینے کا سلاح دیا گیا ہے ۔یو این آئی۔