عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
ممبئی// عالمی چیمپئن ہندوستانی ٹیم کے جشن فتح میں سمندر کنارے انسانی سمندر نظر آیا، دور دور تک کئی کلومیٹر تک صرف سر ہی سر تھے ،ممبئی میں میرین ڈرائیو پر مداحوں کا سیلاب کرکٹ کے لیے ہندوستان کے جنون کا نمونہ تھا۔ ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر اس تاریخی لمحے کا گواہ بننے کرنے کے لیے میرین ڈرائیو سے وانکھیڑے تک تل رکھنے کی جگہ بھی نہیں تھی۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم 17 سال بعد ٹی 20 چیمپئن بن گئی ہے۔ فتح کا جشن ایک پریڈ کی شکل میں میرین ڈرائیو سے ہوتا ہوا وانکھیڑے اسٹیڈیم پہنچا تھا- وانکھیڑے اسٹیڈیم میں روہت شرما نے کہا کہ سب کا شکریہ۔ جب سے ہم ہندوستان آئے ہیں، یہ بہت اچھا رہا ہے۔ یہ ٹرافی پورے ملک کے لیے ہے۔ وزیراعظم سے ملنا بڑا اعزاز تھا۔ ٹیم اور بی سی سی آئی کی جانب سے میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں واقعی بہت خوش اور راحت محسوس کر رہا ہوں۔