حیدرآباد//شمالی آندھراپردیش اور جنوبی اوڈیشہ پر بنا سمندری طوفان ’گلاب‘ مغربی سمت 14کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گذشتہ چھ گھنٹوں کے دوران پیشقدمی کرتے ہوئے گہرے دباو میں تبدیل ہوگیا اور یہ شمالی آندھراپردیش اور متصل جنوبی اوڈیشہ پر مرکوزہے ۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ یہ طوفان امکان ہے کہ مغرب۔شمال مغربی سمت پیشقدمی کرتے ہوئے آئندہ کچھ گھنٹوں کے دوران مزید گہرے دباو میں تبدیل ہوجائے گا۔اس کے زیر اثر شمالی ساحلی آندھراپردیش اور جنوبی تلنگانہ میں بارش کا امکان ہے ۔اسی دوران طوفان سے خبردار کرنے والے مرکز نے کہا ہے کہ شمالی ساحلی آندھراپردیش میںکل 60 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں گی۔محکمہ موسمیات حیدرآباد نے کہا کہ تلنگانہ کے اضلاع نرمل،نظام آباد، جگتیال،راجنا سرسلہ، محبوب آباد، ورنگل رورل، کاماریڈی، عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، کریم نگر،پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، مُلگ،بھدرادری کوتہ گوڑم، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، سدی پیٹ، سنگاریڈی اور میدک میں شدید سے شدید ترین بارش کاامکان ہے۔