بانہال // فور لین شاہراہ بنانے والی کمپنی کی طرف سے سمرولی کے مقام پر پہاڑی کو کاٹنے کیلئے کی گئی غیر منصوبہ بند بلاسٹنگ کی وجہ سے شاہراہ دو دن تک بند رہی۔ سمرولی کے نزدیک بلاسٹنگ سے پہاڑی ہی نیچے آگئی اور ہزاروں ٹن پتھر اور مٹی شاہراہ پر گری جس کی وجہ سے شاہراہ 36گھنٹے تک بند رہی۔شاہراہ کو سنیچر بعد دوپہر دو بجے بعد بحال کیا گیا اور دونوں طرف ہزاروں چھوٹی گاڑیاں اپنے منزل کیلئے نکل پڑیں۔ سمرولی کے نزدیک پہاڑی کی بلاسٹنگ ہورہی تھی اور غیر منصوبہ بند طریقے سے فور لین شاہراہ کو کشادہ بنانے کیلئے کام کیا گیا سے ایک پوری پہاڑی ہی شاہراہ پر گری۔شاہراہ جمعہ کو بھی ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان سڑک کی ہفتہ وار مرمت کے سلسلے میں بند تھی۔پولیس کنٹرول روم ادہمپور نے بتایا کہ جمعہ کے روز شاہراہ ضروری مرمت کیلئے بند تھی لیکن سنیچر کی صبح ادہمپور کے سمرولی علاقے میں ایک بھاری پسی اور پتھر شاہراہ پر گر آئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سنیچر کی دوپہر تک ٹھپ رہی۔ اس دوران کشمیر سے جموں آنے والے ٹریفک کو قاضی گنڈ اور مقامی ٹریفک کو ادہمپور سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی کی مشینری نے ہفتے کے دن دو بجے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا ہے اور ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اسی مقام پر بھاری چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے کئی گاڑیوں اور مشینوں کو نقصان پہنچا تھا اور ایک آپریٹر کی موت واقع ہوئی تھی۔ ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ آج اتوار کو سرینگر سے جموں کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔