سرینگر/ حریت کانفرنس (ع) نے سمبل علاقے میں ایک معصوم اور کمسن تین سالہ بچی کے ساتھ پیش آئے المناک اور دلخراش سانحہ پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس شرمناک واقعہ میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں حریت (ع) نے کہا کہ اس سے قبل بھی خطہ جموں میں گزشتہ سال ایک کمسن بچی کو درندگی کا نشانہ بنا کر اسے بے دردی سے قتل کیا گیا اور اب کے سمبل علاقے میں ایک اور کمسن بچی کے ساتھ پیش آیا یہ غیر انسانی واقعہ سماج میں پھیلی ہوئی شیطانی خباثت اور بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے رحجان کو ظاہر کرتی ہے جو کشمیری سماج کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔
بیان میں اس سانحہ کی غیر جانبدارانہ اور فاسٹ ٹریک بنیاد پر تحقیقات کرکے ملوث مجرم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ فرقہ وارانہ اور مسلکی ہم آہنگی کے ماحول کو ہر قیمت پر برقرار رکھتے ہوئے موقع پرست اور شرپسند عناصر کو اس بات کا موقعہ نہ دیں کہ اس طرح کی نازک صورتحال کی آڑ میں یہاں کے اتحاد و اتفاق اور روایتی بھائی چارے کے ماحول کو وہ زک پہنچانے کی کوشش کریں۔