عظمیٰ نیوز سروس
کٹرہ //شری ماتا ویشنو دیوی نارائنا سپر اسپیشلٹی ہسپتال (ایس ایم وی ڈی این ایس ایچ) نے 100 کوکلیئر امپلانٹ سرجریز کی کامیاب تکمیل کا سنگ میل عبور کیا ہے، جو اس کی جدید طبی خدمات اور مریضوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے عزم کی ایک مثال ہے۔اس اہم کامیابی میں سب سے نمایاں واقعہ یہ ہے کہ ہسپتال میں سب سے کم عمر مریض جس کی عمر صرف 10 ماہ تھی، کو دو طرفہ کوکلیئر امپلانٹس لگائے گئے۔ یہ کیس نہ صرف ہسپتال کی اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ ابتدائی عمر میں سننے کی کمی کو درست کرنے کیلئے کوشاں ہے، بلکہ یہ اس بات کی تصدیق بھی ہے کہ ابتدائی مداخلت سے نوجوان مریضوں کی زندگی کے معیار میں بہتری آتی ہے۔ مزید برآں، ہسپتال نے اس علاقے میں سب سے زیادہ دو طرفہ کوکلیئر امپلانٹس کی سرجری کی ہے، جو اس کے اس شعبے میں برتری کو ظاہر کرتا ہے۔اس شاندار کامیابی کو ایک مشترکہ کوشش سے ممکن بنایا گیا ہے۔ شری ماتا ویشنو دیوی بورڈ نے اس منصوبے کی بھرپور حمایت کی ہے، اور کئی زندگی بدلنے والی سرجریز کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں تاکہ پسماندہ کمیونٹیز کے مریضوں کو اس جدید ٹیکنالوجی تک رسائی مل سکے۔ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) نے بھی اس میں نمایاں تعاون کیا ہے، جس سے ان خدمات کی رسائی میں مزید وسعت آئی ہے۔ڈاکٹر روہن گپتا،ای این ٹی اور کوکلیئر امپلانٹ سرجن کی قیادت میں ہسپتال نے اس شعبے میں ایک مرکز کے طور پر شہرت حاصل کی ہے، جو مریضوں کو جامع نگہداشت فراہم کرتا ہے، جن میں تشخیص، سرجری اور بعد از آپریشن کی دیکھ بھال شامل ہے۔ڈاکٹر یشپال شرما، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس نے کہاکہ شری ماتا ویشنو دیوی بورڈ اس سفر کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔ ان کی مسلسل مالی معاونت نے یہ ممکن بنایا ہے کہ ہم دنیا کی بہترین طبی خدمات فراہم کر سکیں۔ڈاکٹر ایم ایم متھوان، فسیلٹی ڈائریکٹر، ایس ایم وی ڈی این ایس ایچ نے اس سنگ میل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی ہمارے عزم اور طبی خدمات میں برتری کی عکاسی کرتی ہے، اور شری ماتا ویشنو دیوی سنکرت بورڈ اور آئی او سی ایل کی معاونت کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ہسپتال کی مسلسل آئوٹ ریچ کوششیں، بشمول سرینگر میں اس کی ماہانہ او پی ڈی، اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ اسپیشلائزڈ فالو اپ کی دیکھ بھال کا گیپ کم ہو، اور مریضوں کو پورے خطے میں آسانی سے خدمات مل سکیں۔