عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اپنی پارٹی نے بدھ کے روز گاندھی نگر میں جموں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور کی قیادت میں احتجاج گاندھی نگرگول مارکیٹ سے شروع ہوا اور گردوارا صاحب کے سامنے اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت اور جموں خطہ کی لوک سبھا میں نمائندگی کرنے والے دو اراکین پارلیمان کیخلاف نعرے بازی کی جوکہ عوای خواہشات کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اْٹھارکھے تھے جس سمارٹ میٹروں کی تنصیب کیخلاف متعدد نعرے درج تھے۔پونیت کور نے حکومت کی اس ہٹ دھرمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا’’ بہت زیادہ بجلی بلوں کی متعدد شکایات کے باوجود انتظامیہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے یکطرفہ فیصلے کو پولیس کی طاقت کا استعمال کر کے نافذ کر رہی ہے۔ انتظامیہ صارفین کی مرضی کیخلاف میٹر نصب کر رہی ہے ‘‘۔انہوں نے حکومت لوگوں کے مسائل کے تئیں غیر سنجیدہ ہے۔ اس وجہ سے لوگ خود کو انتظامیہ سے الگ تھلگ محسوس کر رہے ہیں، کسی بھی سطح پر اْن کی سنوائی نہیں ہورہی۔ روز احتجاجی مظاہرے، دھرنے، ریلیاں، پریس کانفرنسیں اور مذمتی بیانات عوام دشمن فیصلوں کیخلاف آرہے ہیں مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں۔موصوفہ نے راشن گھاٹوں سے اناج فراہم کرنے کا عمل بند کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی اور مطالبہ کیاکہ محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کار ی جموں وکشمیر کے اطراف واکناف میں راشن ڈیپوئوں پر وافر مقدار میں راشن کی سپلائی یقینی بنائی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ پنشنروں کے حق میں اولڈ ایج پنشن بحال کی جائے تاکہ اْنہیں بڑھاپے میں کچھ مالی سہارا مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت یہ مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے تو جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے دوران ووٹ کے ذریعے اِس کا معقول جواب دیاجائے گا۔