بلال فرقانی
سرینگر //محکمہ بجلی نے ایک انوکھے اقدامات کے تحت شہر خاص کے حبہ کدل علاقے میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کیخلاف احتجاج کا بدلہ علاقے میں بجلی سپلائی منقطع کرکے لیا گیا۔ حبہ کدل گدود باغ بستی میں محکمہ بجلی نے دوران شب بجلی کی سپلائی منقطع کر دی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں سمارٹ میٹر نصب کرنے پر احتجاج کے بعد رات 2 بجے کے قریب بجلی سپلائی منقطع کر دی گئی۔ انہوں نے کہا،’’اس کے بعد علاقے میں بجلی سپلائی بحال نہیں کی گئی ‘‘۔ انہوںنے کہا کہ پورا علاقہ گھپ اندھیرے میںڈوب چکا ہے اور ابھی تک علاقے میں بجلی سپلائی بحال نہیں کی گئی جو کہ سراسر انصافی ہے ۔ لوگوںنے کہا کہ ہم نے صرف احتجاج کیا اس کا بدلہ اس طرح لیا گیا، جو لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔چیف انجینئر کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ جاوید یوسف ڈار نے بتایا کہ بجلی منقطع کر دی گئی ہے کیونکہ رہائشیوں نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر اعتراض کیا ۔انہوں نے کہا کہ بجلی سپلائی منقطع کرنے کے احکامات اعلیٰ حکام سے ملے اور اس کے بعد کاروائی عمل میںلائی گئی ۔