جاوید اقبال
مینڈھر//تحصیل مینڈھر میں بجلی کے نئے سمارٹ میٹرز کی تیز رفتار تنصیب کے باوجود مقامی کاروباری طبقے نے اس عمل پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میٹرز کو پرانی، خستہ حال اور غیر محفوظ کیبلوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، جو نہ صرف بجلی کے نظام میں خلل ڈال سکتے ہیں بلکہ شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے جیسے مہلک حادثات کا بھی سبب بن سکتے ہیں۔بیوپار منڈل مینڈھر کے رہنماؤں نے کہا کہ اگرچہ سمارٹ میٹرز کا مقصد بجلی کی کھپت کا درست حساب رکھنا اور بلنگ کو شفاف بنانا ہے، لیکن ناقص کیبلنگ کے ساتھ ان کی تنصیب عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔اسی ضمن میں بیوپار منڈل کا ایک وفد محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (AEE) سے ملا اور اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ وفد نے واضح طور پر خبردار کیا کہ اگر سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے پہلے پرانی کیبلیں تبدیل نہ کی گئیں تو تاجر برادری سخت احتجاج اور ممکنہ جارحانہ اقدامات پر مجبور ہوگی۔تاجروں کا کہنا ہے کہ سمارٹ میٹرز کے ساتھ نئی اور محفوظ کیبلنگ کو یقینی بنانا محکمہ بجلی کی ذمہ داری ہے تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔مقامی بیوپار منڈل نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے گی اور عوامی تحفظ کے لئے فوری عملی اقدامات کرے گی، بصورتِ دیگر تاجروں کو اپنے تحفظ اور حقوق کے لئے سڑکوں پر آنا پڑے گا۔