جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر میں محکمہ بجلی کی جانب سے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد بجلی کے نظام کو جدید، مؤثر اور شفاف بنانا ہے تاہم، اس عمل میں سنگین خامیاں سامنے آ رہی ہیں جن پر مقامی لوگوں نے سخت ناراضگی اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔عوامی شکایات کے مطابق، محکمہ سمارٹ میٹر تو گھروں میں نصب کر رہا ہے، لیکن انہیں نئی، معیاری اور محفوظ تاروں سے جوڑنے کے بجائے پرانی، بوسیدہ اور کمزور تاروں سے منسلک کر رہا ہے، جو کئی سالوں سے گھروں پر لگی ہوئی ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف سمارٹ میٹروں کی افادیت کو متاثر کر رہی ہے بلکہ بجلی کی فراہمی میں خرابی اور حادثات کے خطرات بھی بڑھا رہی ہے۔ایک مقامی شہری نے بتایا،کہ ’جب پرانی تاریں ہی استعمال کرنی تھیں تو پھر نئے میٹر لگا کر ہمیں بے وقوف کیوں بنایا جا رہا ہے؟ یہ صرف دکھاوا لگتا ہے‘۔اس معاملے پر جب ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ ’ہماری پالیسی کے مطابق، سمارٹ میٹروں کے ساتھ نئی تاریں نصب کی جاتی ہیں۔ اگر کہیں پرانی تاریں استعمال کی جا رہی ہیں تو ہم فوری طور پر اس کی جانچ کریں گے اور کارروائی عمل میں لائیں گے‘‘۔ادھر، سابق کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے بھی اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’یہ قابل قبول نہیں ہے۔ میں خود اس سلسلے میں اعلیٰ افسران سے بات کروں گا اور تاروں کی تنصیب ٹھیکیدار کے ذریعے معیاری طریقے سے کروائی جائے گی‘‘۔عوام کا کہنا ہے کہ بجلی کے نظام میں بہتری کے لئے زمینی سطح پر سخت نگرانی، شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانا ضروری ہے، ورنہ ایسے اقدامات صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ جائیں گے۔