بلال فرقانی
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے پیر کوکہاکہ سمارت سٹی کے کئی ابتدائی کاموں کو 15 اپریل تک مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم پیکیج اسکیم کے ملازموں سے ملتا رہتا ہوں اور ان کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پیکیج کے تحت جتنے بھی ملازمین ہیں،میں ان سے ملتا رہتا ہوں اور ان کے جو مسائل ہیں ان کو جتنا ممکن ہوتا ہے حل کیا جاتا ہے۔ڈویژنل کمشنر کا کہنا تھا کہ سمارٹ سٹی کے جو بھی کام G20کانفرنس کے مدنظر ہو رہے ہیں ان کو ہم نے15 اپریل تک مکمل کرنے کا وقت دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان کاموں پر دن اوررات میں کام چل رہا ہے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بدھوری نے کہا کہ لوگوں کو 15 اپریل تک تھوڑے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اس کے بعد سب ٹھیک ہوگا۔