عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر // سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت لوگوں کی آسائش کیلئے مختلف مقامات پر رکھے گئے 1ہزار سائیکلوں میں سے 380سائیکلوں کی توڑ پھوڑ کی گئی ہے جبکہ 5سائیکل چوری ہوئے ہیں ۔ ادھر حکام کا کہنا ہے کہ جو بھی ملوث ہوںگے ان کے خلاف کارورائی ہو گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے پیش نظر سائیکلوں کی تعداد فی الحال کم کر دی گئی ہے۔شہر سرینگر کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف حصوں میں سائیکل اسٹینڈ قائم کرکے وہاں سائیکل دستیاب رکھیں گئے تھے ۔ حکام کے مطابق مختلف مقامات پر کل ملا کر ایک ہزارسائیکل دستیاب رکھیں گئے تھے تاہم ان میں سے 380 سے زیادہ سائیکلوں کی لوگوں نے توڑ پھوڑ کی اور 5 چوری کر لیے گئے ہیں ۔ سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سرینگر میں کام کرنے والی کل 1000 سائیکلوں میں سے 380 توڑ پھوڑ کی گئی ہیں اور 5 چوری کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ آپریشنل فلیٹ 600 سائیکلوں پر مشتمل ہے جو کہ ابتدائی 1000 سائیکلوں سے کم ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سردیوں کے موسم کی وجہ سے انہوں نے سائیکلوں کی تعداد کم کر دی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں سائیکلوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شدہ یا تباہ شدہ سائیکلوں کی مرمت اور بحالی کیلئے انتھک محنت کر کے دیکھ بھال کرنے والی وقف ٹیموں کی موجودگی کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا ’’یہ سائیکلیں نہ صرف ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور صاف ستھرا ماحول کو فروغ دیتی ہیں بلکہ لوگوں میں اچھی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان سائیکلوں کو توڑ پھوڑ کرنے یا چوری کرنے کے ذمہ داروں کو اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس معاملے کو متعلقہ ایجنسی نے اٹھایا ہے‘‘۔