بلال فرقانی
سرینگر// سرینگر کے قلب میں واقع گھنٹہ گھر کے قریب سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت حال ہی میں نصب کی گئی ٹائلیں اکھڑنے لگی ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف مقامی دکانداروں اور راہگیروں کیلئے باعث تشویش بن گئی ہے بلکہ روزانہ یہاں آنے والے سینکڑوں سیاحوں پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔گھنٹہ گھر کا علاقہ سرینگر کا ایک مصروف ترین تجارتی مرکز ہے، جہاں ہر روز بڑی تعداد میں لوگ خریداری اور سیر و تفریح کیلئے آتے ہیں۔ تاہم سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت کیے گئے ناقص کام نے شہریوں کو مایوس کر دیا ہے۔ایک مقامی دکانداراعجاز احمد نے شکایت کرتے ہوئے کہا’’حکومت نے اس علاقے کی خوبصورتی کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے لیکن اگر کام پائیدار نہیں تو اس کا کیا فائدہ؟ ۔مذکورہ دکاندار کے مطابق انہوں نے امید کی تھی کہ اس نئے ڈیزائن سے جگہ کی کشش میں اضافہ ہوگا، مگر اب یہ پہلے سے بھی بدتر نظر آ رہا ہے۔راہگیروں نے بھی اکھڑی ہوئی ٹائلوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی تحفظ کے لیے خطرہ قرار دیا۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس کام کی مرمت کی جائے۔ ایک مقامی شہری عبدالرشید نے کہا’’یہ ایک انتہائی مصروف جگہ ہے۔ یہاں روزانہ سینکڑوں سیاح اور مقامی لوگ آتے ہیں۔ اگر کسی کا پاؤں پھسل گیا تو شدید چوٹ لگ سکتی ہے۔ یہ ناقص کام قابل قبول نہیں۔‘‘یہ معاملہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ میں معیار اور نگرانی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ عوام نے حکام سے فوری مرمت اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔