بلال فرقانی
سرینگر// سمارٹ سٹی کے مجموعی طور پر نصف پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے جبکہ باقی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔سمارٹ سٹی مشن حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر137پروجیکٹوں میں66پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ 71پروجیکٹوں پر کام ہورہاہے۔پروجیکٹسمارٹ سٹی پروجیکٹ، کے تحت لال چوک اور ڈل جھیل کے ساتھ ساتھ ملحقہ مقامات اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو’ ایریا بیسڈ ڈیولپمنٹ پلان ‘(علاقے کی بنیادی ترقیاتی منصوبے)کے تحت ہاتھوں میں لیا گیا ہے، جن میں سے اکثر پر کام جاری ہے۔اس پروجیکٹ میں 3000 کروڑ روپے کا بجٹ ہے، اس میں لائن ڈیپارٹمنٹس (متعلقہ محکموں)کے لیے 2000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو مختلف پروجیکٹوں پر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ سمارٹ سٹی لمیٹڈ کا اپنے طور پر تقریباً 1000 کروڑ روپے کا بجٹ ہے۔ایریا بیسڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے علاوہ، سمارٹ سٹی پروجیکٹ کچھ’ پین سٹی‘(تمام شہر) پروجیکٹوں پر بھی کام کر رہا ہے جیسے کہ آئی ٹی سے متعلقہ شعبوں کے ساتھ ساتھ کچھ سڑکوں اور شہری نقل و حرکت کو بہتر بنانے کیلئے مسافر بردار ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی شامل ہیں۔مرکزی حکومت کی سمارٹ سٹی اسکیم کے مطابق، مرکزی حکومت پانچ سالوں کے دوران ایک منتخب شہر کو 500 کروڑ روپے ادا کرے گی جبکہ ریاست ومرکز کے زیر انتظام علاقے اسی مدت کے اندر مساوی رقم ادا کریں گے۔سرینگر کو دونوں ذرائع سے تقریباً 1000 کروڑ روپے کی رقومات ملنے کے ساتھ ساتھ، 2000 کروڑ روپے کے دوسرے پروجیکٹوں میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ہاتھوں میں لئے گئے چند ایک پروجیکٹوں میں ،جہلم واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ اینڈ واٹر ٹرانسپورٹ،شہری نقل و حرکت، گلی اور چوراہوں کی ترقی،شہری خوبصورتی و اربن آرٹ،گرین سرینگر،ثقافتی تحفظ و ڈاؤن ٹاؤن کی تجدید،انفارمیشن ٹیکنالوجی،سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اپ گریڈیشن اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ شامل ہیں۔
مکمل پروجیکٹ
اسمارٹ سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 66پروجیکٹوں پر کام مکمل ہوچکا ہے جن میںجہلم کے کناروں کی خوبصورتی کیلئے راستوں پر دیوری پتھر نصب کئے گئے ہیں جبکہ دریا کے کناروں پر پانی کا حجم بڑھانے اور انہیں پر کشش بنانے کیلئے کام مکمل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ان میںخانقاہوں و زیارت گاہوں کے تحفظ(خانقاہ معلی،امام باڑہ حسن آباد)،ای وی چارجنگ اسٹیشنوں،اسماٹ کلاس روم(25)،سمارٹ صحت مرکز،دریا کے کناروں کے ساتھ علاقے کی روشنی اور دیگر پروجیکٹ شامل ہیں۔
زیر تعمیر پروجیکٹ
انہوں نے کہا کہ سیاحتی و مسافر ٹرانسپورٹ کیلئے جہلم کروز،شہری تجدید نالہ مار و براری نمبل، گل سر جھیل کی بحالی،ورثے کے نیٹ ورک کی تجدید کاری اور تحفظ ،اسمارٹ آبی میٹر، اسمارت بجلی میٹر،کھیلوں کے ڈھانچے(7 سٹیڈیم)،نکاس آب کے پروجیکٹ،سماجی تحفظ کا منصوبہ اور صلاحیت سازی، معاشرے کی بنیاد پر تربیت یافتہ ٹاسک فورس کا قیام،متعلقین میں ردعمل کے بارے میں تربیت اور آگاہی اور بری جگہوں پر بائیو بیت الخلاء جیسے پروجیکٹوں پر اس وقت کام جاری ہے اور یہ ابھی تک مکمل نہیں ہوئے ہیں۔ زیر تعمیر پروجیکٹوں میں انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم/ایڈاپٹیو( حسب منا) ٹریفک کنٹرول سسٹم،عارضی مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی)،جنکش لے آوٹ پلان،7مقامات پر کار پارکنگ اورفلائی اوور، گریڈ سیپریٹرز اور دیگر ڈھانچوں کی خوبصورتی شامل ہیں۔
آئندہ پروجیکٹ
حکام نے بتایا کہ آنے والے پروجیکٹوں میں شہر کی خوبصورتی وتجدید،اسمارٹ بس اسٹاپ معہ مسافر نظام،،الیکٹرک بسیں، پارکوں میں کثر خانوں کا قیام،فور کوٹ، اسمارٹ کھمبے معہ وی فائی مراکز،کثیر منزلیں پارکنگ مقامات،صوتی نگراں نظام، موسمیاتی سٹیشن گرڈ کے ذریعے مقامی سطح پر پیش گوئی اور نکاس آب و فضلہ کیلئے گٹروں میں روابط و نیٹ ورک،اقبال پارک میں بچوں و کنبوں کیلئے تفریح کی سہولت،سیکورٹی مراکز کو جمالیاتی طور پر پرکشش بنانا،ایف سی آئی گوداموں کی ترقی نو ، کمرشل ڈسٹرکٹ،کمیونٹی کا فضلہ، کھاد بنانے والا نامیاتی کچن کا فضلہ،ڈل جھیل میں پانی کی نقل و حمل،اہم عمارتوں کے حفاظتی منصوبے،زلزلہ سے نپٹنے کی سقت کا ساختی آڈٹ،موقعہ پر پانی معیار جانچنے کیلئے نگراں نظام،ملٹی سروسز زیر زمین ڈکٹنگ،مشترکہ موبلٹی کارڈ کی فراہمی،یارقند ساریہ، بوتیک کرافٹ میوزیم،کاوڈارہ، نالہ مار روڈ ، کرافٹ نمائشی سینٹر کے پروجیکٹ شامل ہیں۔