عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر میں بلیوارڈ روڈ پر گھاٹ نمبر 17 کے قریب ڈل جھیل کے ساتھ فٹ پاتھ کا ایک حصہ مکمل طور پر ڈل جھیل میں جا گرا۔اس واقعہ نے سرینگر میں سمارٹ سٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ایک حصے کے طور پر کئے گئے کاموں کے معیار پر تشویش پیدا کر دی ہے جبکہ راستے کا استعمال کرنے والے پیدل چلنے والوں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں لوگوں بالخصوص سیاحوں کا سال بھر رش رہتا ہے ۔گھاٹ نمبر 17، بلیوارڈ روڈ سرینگر کے قریب اس وقت سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے بلند بانگ دعوئوں کی ہوا نکل گئی جب نہرو پارک کے نزدیک نیا بنایا گیا فٹ پاتھ ڈھہ گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو راستہ بہہ گیا جس سے ٹائلز ڈل جھیل میں بہہ گئیں ۔ پیدل چلنے والوں اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم راستے پر سفر کرنے والے لوگ بال بال بچ گئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈل جھیل اور پورے بلیوارڈ روڑ پر فٹ پاتھوں کو نئے سرے سے بنایا گیا ہے اور ان پر ٹائلز کا کام بھی پچھلے سال ہی مکمل کیا گیا ہے۔فٹ پاتھوں پر تازہ کام کے معیار کے بارے میںسوالات اٹھے ہیں ۔کچھ سال پہلے، ڈل گیٹ پر ایک اور سڑک بھی اسی طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی ۔ادھراین سی کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے اس مسئلے کو جھنجھوڑ تے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرینگر سے اس معاملے میںنوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ عام طور پر ہجوم سے بھرا رہتا ہے اور حکام کو معیاری کام کو یقینی بنانا چاہیے تھا۔ تنویر صادق نے جائے موقع کا دورہ کیا اور کہا کہ اس معاملے کو وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور جو اس کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ افسروں کے ساتھ بھی بات ہوئی ہے اور شام سے کام شروع کیا جائے گا۔موصوف نے کہا: ‘افسروں نے یقین دہانی کی ہم دیکھیں گے کہ اگر کہیں کوتاہی ہوئی ہے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی’