عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ٹریفک حادثات میں اضافہ کے بیچ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے ٹریفک قوانین کی عملداری کی وکالت کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ چھوٹے بچوں کو گاڑیاں نہ دیں۔سرینگر کے کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر اطہر عامر خان نے کہا کہ گاڑیاں گھر لانا خوشی کی بات ہے تاہم یہ ایک ذمہ داری کا کام بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہے کہ وہ چھوٹے بچوں کو گاڑیاں نہ دیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ سمارٹ سٹی سرینگر میں قریب تمام پروجیکٹ مکمل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ برس جون میں ڈیڈ لائن سے قبل ہی تمام پروجیکٹ مکمل ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت ہری سنگھ ہائی اسٹرئٹ سمیت دیگر جگہوں پر کام شباب پر ہے اور مقررہ وقت پر مکمل ہونگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اطہر عامر نے گاڑیوں کے خریداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پاسداری کے عمل کو یقینی بنائے۔انہوں نے ماروتی سزوکی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ جموں کشمیر کے بازاروں میں کار شعبے میں ماروتی کا حصص65فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ماہانہ2400کاریں فروخت ہوتی ہیں ،جس میں1500کے قریب سوزوکی کمپنی کی گاڑیاں ہوتی ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول میں کرنے کیلئے قابل عمل طریقہ کار کو عملایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تمام متعلقین کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔