محمد تسکین
جمو// ضلع رام بن سے سمادھان فاؤنڈیشن کے ایک وفد نے جمعہ کے روز جموں میں یوراج وکرمادتیہ سنگھ سے ملاقات کی تاکہ ان سے سماج کیلئے فلاح و بہبود کی خدمات کیلئے ان کی رہبری و رہنمائی اور انکی حوصلہ افزائی کے ساتھ اس عظیم مشن کو مزید موثر طریقے سے جاری و ساری رکھا جائے ۔سمادھان فاؤنڈیشن کے اس وفد کی قیادت فاؤنڈیشن کے سرپرستِ اعلیٰ پون شرما نے کی، جبکہ اراکین میں ملاپ سنگھ، اجیت سنگھ اور منیش سنگھ بھی اس اہم ملاقات کے موقع پر موجود تھے ۔ وکرمادتیہ سنگھ ممتاز رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ کے فرزند، ڈوگرہ خانوادے کے چشم و چراغ اور تاریخی جموں و کشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی بھی ہیں ۔ وفد نے یوراج وکرم آدتیہ سنگھ کو سمادھان فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا، جن کا مقصد نوجوانوں کو با اختیار بنانا، ثقافتی شعور اجاگر کرنا اور معاشرتی بھلائی کو فروغ دینا ہے۔ ملاقات میں ورثے کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرتی ذمہ داری کی اہمیت جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وکرم آدتیہ سنگھ نے سمادھان فاؤنڈیشن کی ان کاوشوں اور کام کی سراہنا کی جس سے سماج کی فلاح و بہبود آور تعمیر وترقی کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔ وکرمہ آدتیہ نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی تنظیموں کو مل جل کر معاشرتی مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے دھرمارتھ ٹرسٹ کے اس کردار پر بھی روشنی ڈالی جو صدیوں پرانے روحانی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسے موجودہ سماجی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مصروف عمل ہے۔وفد نے یوراج وکرم آدتیہ سنگھ کا قیمتی وقت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ ملاقات مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور باہمی تعاون کے ساتھ مستقبل میں سماجی خدمت و فلاحی اقدامات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔