جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے کہا کہ نوجوان سماجی تبدیلی میں ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں اور ریاست کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بناسکتے ہیں۔چشمہ شاہی سرینگر میں ایک اجتماعی سے خطاب کر تے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کو مستحکم بنانے کے سلسلے میں حکومت تمام ممکنہ اقدامات پر غور کررہی ہے ، جس میں نوجوانوں سے متعلق پروگرام بھی شامل ہے۔ وزیر نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں جو موجودہ حکومت نے شروع کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نوجوان جنگلات کو بڑھاو ا دینے کے سلسلے میں اپنے علاقوں میں نئے پیڑ لگائیں۔اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات نے ریاست بھر میں 67ویں وین مہا اُتسو کے ایک حصے کے طور پر بھاری تعداد میں پودے لگانے کا پروگرام عمل میں لایا گیا۔ انہوںنے کہا کہ آنے والے بارشوں کا موسم پودے لگانے کے لئے بہتر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نشاندہی کئے گئے جنگلاتی اراضی پر میوے اور زیبائشی پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دیہات کی سڑکوں کے ساتھ ساتھ آرائشی پودے لگانے کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر عوامی اجتماع میں جی ایم میر ، درخشاں اندرابی اور ڈاکٹر حنا بٹ بھی موجود تھیں۔