جموں //خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ گیسٹ کنٹرول سماجی اصلاح کی جانب ایک قدم ہے ۔ سول سوسائٹی ممبران کے ساتھ یہاں تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں سماج کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی سنجیدگی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر نے کہاکہ سماجی بدعات اس حد تک عام ہو گئے ہیں کہ کئی بار جموں اور کشمیر کے مختلف علاقوں سے لوگوں کے پاس آئے اور شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے مالی معاونت کی درخواست کی ۔ وزیر نے یقین دلایا کہ گیسٹ کنٹرول کی آڑ میں انسپکٹر راج کو پنپنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت عوامی تعاون کی خواہاں ہے ۔ وزیر نے کہا کہ لوگ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ قواعد و ضوابط اُن کی بہبود کیلئے بنائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گیسٹ کنٹرول آرڈر بھی لوگوں کی بہبود کیلئے لیا گیا ایک فیصلہ ہے ۔ وزیر نے کہا کہ لوگوں کے اپنے حقوق ہیں تا ہم کسی دوسرے کو تکلیف پہنچانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت کسی کے مذہبی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمنامہ ہر کسی کیلئے ہے ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ سماجی برائیوں کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے سول سوسائٹی کا تعاون طلب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ وزیر نے گیسٹ کنٹرول آرڈر میں ضروری ترمیم کیلئے عوام سے تجاویز طلب کیں ۔