سرینگر//حریت (ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے رمضان المبارک کے عشرئہ نجات کے دوران وعظ و تبلیغ کی مجالس کے سلسلے میں بازار مسجد بہوری کدل سرینگر میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں سے اللہ تعالیٰ کا جو سب سے بڑا تقاضہ ہے وہ یہی ہے کہ عبادات الٰہی کی انجام آوری اور برائیوں سے اجتناب اپنے نفس اور سماج کے تزکیہ کا عمل پورے سال جاری رہے اور محض رمضان کے مہینے میں برائیوں سے اجتناب برتنے سے فلسفہ رمضان کے تقاضے پورے نہیں ہوتے ۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری سماج جن گوناگوں خرافات اور بدعات کا شکار ہو گیا ہے وہ حد درجہ تشویشناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ام الخبائث یعنی شراب ، منشیات کے استعمال میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے ۔نوجوان نسل منشیات کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے، قمار بازی کی لعنت عام ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے علمائے کرام ، ائمہ مساجد اور سما ج کے ذی حس اور ذمہ دار افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ کیلئے اپنے فرائض کا احساس کریں اور سماجی بدعات اور برائیوں کیخلاف ایک ہمہ گیر اصلاحی تحریک کا آغاز کریں۔ میر واعظ نے کہا کہ ہماری ذات کے علاوہ ہمارا سماج اور ہمارا معاشرہ جو آج کل شدید ترین خرافات کی زد میں آچکا ہے ہماری خصوصی توجہ کا مستحق ہے اور اگر ہماری سماجی اور معاشرتی زندگی سنور جاتی تو سماج سے برائیاں خود بخود ختم ہو جائیں گی ۔