سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال کو ہر لحاظ سے انتہائی سنگین اور باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج جبکہ پوری کشمیری قوم مختلف نوعیت کے سنگین مسائل اور مصائب سے دوچار ہے اور ایک طرف مار دھاڑ ، ظلم و تشدد کا بازار گرم ہے تو دوسری طرف سماجی اور معاشرتی سطح پر ایسے شدید مسائل نے جنم لیا ہے جو پوری قوم کیلئے باعث فکر و تشویش بنے ہوئے ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ موجودہ نامساعد حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ان حالات سے گھبرانے اور مایوس ہونے کے بجائے ہم سب اللہ کے حضور سربسجود ہوکر اپنے گناہوں اور خطائوں کی بخشش طلب کریں اور اس رب کریم سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگ لیں کیونکہ اسکی ذات ہی وہ واحد ذات مقدس ہے جس کے رحمت اور ابر کرم کی بارش سے اس قوم کے جملہ مصائب اور مسائل دور ہوسکتے ہیں ۔چنانچہ ان حالات کے پیش نظر 25 اگست 2017 بروز جمعتہ المبارک کو نماز جمعہ کے موقعہ پر مرکزی جامع مسجد سرینگر میں ایک خصوصی مجلس توبہ و استغفار منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس دوران میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق مجلس توبہ و استغفار کی پیشوائی کریں گے ۔