جاوید اقبال
مینڈھر//بلاک مینڈھر کی پنچائت سلواہ میں جاری ترقیاتی کام میں سب سٹینڈرڈ میٹریل کے استعمال کے معاملے پر مقامی لوگوں نے محکمہ پنچایت کے اعلیٰ افسران اور کام کروانے والے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پنچائت سلواہ کے محلہ مناساں میں جمع مسجد کے قریب ایک فوٹ پاتھ کا کام جاری ہے جس میں ناقص میٹریل استعمال ہو رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ کام حکومتی فنڈز کا ضیاع ہے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین جان بوجھ کر یہ سب کر رہے ہیں۔علاقہ کے لوگوں نے الزام لگایا کہ بار بار شکایات کے باوجود متعلقہ ملازمین نے کسی قسم کی اصلاح نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ملازمین سے اس بارے میں بات کی تو وہ بے پرواہی سے جواب دیتے ہیں کہ پتہ نہیں لوگ کس قسم کا کام چاہتے ہیں۔مقامی افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کام کی فوری طور پر جانچ کریں اور اس میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ احتجاج کریں گے اور اس معاملے کو مزید اْجاگر کریں گے تاکہ سرکار کے پیسے کا ضیاع نہ ہو۔علاقہ کے لوگوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام مقامی لوگوں کے مفاد میں ہونا چاہیے اور اس میں استعمال ہونے والا میٹریل معیاری اور محفوظ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر اس کا نوٹس نہیں لیا گیا تو وہ اپنے حقوق کے لئے مزید سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔مقامی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ پنچایت کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور حکومت کے فنڈز کا درست استعمال ہو سکے۔