یو این آئی
ایپوہ/ہندوستانی ہاکی ٹیم نے منگل کو ملیشیا کے ایپوہ میں سلطان ازلان شاہ کپ 2025میں بیلجیم کے خلاف زبردست کھیل پیش کیا، پھر بھی 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یہ میچ اصل میں پیر کو ہونا تھا، لیکن شدید بارش کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ہندوستان نے مضبوط ارادے کے ساتھ آغاز کیا اور دنیا کی نمبر 3 ٹیم بیلجیم کے خلاف ابتدائی دباؤ کا مقابلہ کیا۔ ہندوستانی گول کیپر پون نے عمدہ کارکردگی پیش کی اور ٹیم کو برابری کی پوزیشن میں رکھا۔بیلجیم کو میچ کے آغاز کے 10 منٹ بعد پہلا موقع ملا اور انہوں نے جلد ہی دوسرا موقع بھی بنایا۔ تاہم، ہندستانی دفاع نے مضبوطی سے مقابلہ کرتے ہوئے پہلے کوارٹر کے بعد اسکور برابر رکھا۔دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مواقع بنانے کی کوشش کی، مگر بیلجیم نے رومن ڈیویکوٹ کے گول کی مدد سے ہاف ٹائم تک 1-0کی برتری برقرار رکھی۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے ابتدا سے ہی دباؤ بڑھایا اور ابھیشیک کے شاندار موو کو گول میں بدل کر برابری حاصل کی۔ ہندوستان مزید دباؤ بڑھاتے ہوئے گول کرنے کی کوشش کرتا رہا، لیکن نکولس ڈی کیرپل نے 45 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے بیلجیم کو دوبارہ برتری دلائی۔چوتھے کوارٹر کی شروعات میں رومن ڈیویکوٹ نے ایک اور گول کر کے بیلجیم کی برتری بڑھائی۔ ہندوستان نے فوری جواب دینے کی کوشش کی اور شیلانند لاکڑا نے ربی چندر سنگھ کے شاندار کراس پر گول کر کے امید کی کرن جگائی۔