سرینگر// قانون ساز اسمبلی میں جموں و کشمیر گُڈز اینڈ سروسز ٹیکس بل 2017 متعارف کرتے ہوئے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے سپیکر کویندر گپتا سے درخواست کی کہ وہ حزبِ اختلاف کے دو ارکانِ اسمبلی کو یا تو انہیں ایوان میں سلام پیش کرنے یا قانون سازیہ سے مستفی ہونے کی ہدایت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے قانون ساز دویندر رانا نے جی ایس ٹی قرار داد پر بحث و مباحثے میں حصہ لینے کے دوران کہا کہ جموں کشمیر میں گُڈز اینڈ سروسز ٹیکس کی عمل آوری سے متعلق صدارتی احکامات کی تمہید میں اگر آئینِ ہند کی دفعہ 370 اور جموں کشمیر کے آئین کی دفعہ 5 کیلئے معقول آئینی تحفظات شامل کئے جائیں گے تو وہ انہیں ایوان میں سلام پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر درابو نے کہا کہ اب جبکہ صدارتی حکمنامے میں یہ تحفظات یقینی بنائے گئے ہیں تو اب مسٹر رانا کو مجھے اسمبلی کے اگلے اجلاس میں سلام پیش کرنا ہو گا کیونکہ آج وہ ایوان میں حاضر نہیں ہیں ۔ کانگریس کے قانون ساز جی ایم سروری کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہ اگر جی ایس ٹی پر صدارتی حکم میں تحفظات شامل کئے جائیں گے تو وہ بطور قانون مستعفی ہوں گے ۔ درابو نے کہا کہ اس سلسلے میں بھی کانگریس کے رُکنِ اسمبلی کو مستفی ہونا چاہئیے کیونکہ جو شرط اُس نے رکھی تھی وہ پوری ہو چکی ہے ۔