شاہِ مرداں شیرِ یزداں فاتحِ خیبر سلام
خاصۂ داور سلام اے عزم ِ پیغمبرؐ سلام
اے علیٔ مرتضیٰؑ اے قاسم ِکو ثر سلام
اے بہارِ پنجتنؑ اے غنچۂ سرورؐ سلام
’لا فتیٰ الا علی لا سیف الا ذ و لفقار‘
اس عظیم المرتبت اعزازِ اعلیٰ پر سلام
آپ کی شانِ سخاوت ہے عیاں قرآن سے
آپ کے صبر و رضا پر ہے جہاں ششدر، سلام
آپ ہیں مولودِ کعبہ آپ با ب العلم ہیں
اے خطیبِ بزم اور اے رزم کے حیدر ؑسلام
کہکشانِ مصطفیؐ کے تابشِ انور سلام
پڑھ رہے ہیں آپ پر سب انجم و اختر سلام
سوئے آثم ؔ بھی برائے پنجتنؑ ہو اِک نظر
اے میرے مشکل کُشا اے نائب ِسرور ؐ سلام
کاش حرمین و نجّف و کربلا کا ہو سفر
اور پڑھے آثم ؔ ہر اک دربارِ اطہر پر سلام
بشیر آثم کشمیری
باغبان پورہ، لعل بازار(حال آگرہ)
موبائل نمبر؛9829340787
آرزو
موت سے پہلے ہر اک ظالم کو مرتا دیکھ لوں
بے بسی کے زخم کو ایک بار بھرتا دیکھ لو
پھر مجھے منظور ہے ہر ایک سزا اے نوجواں
بس ترے اندر کبھی خود کو اُبھرتا دیکھ لوں
ظلم مٹ جائے گا آدم کی رگوں سے جب کبھی
زیورِقرآن سے تجھ کو سنورتا دیکھ لوں
ہوں اسی امید پہ زندہ کہ میں قرآن کو
نوجوانوں کے ضمیروں پر اُترتا دیکھ لوں
بس نبیؐ مہرباں، فاروق اعظمؓ کی طرح
حکمرانِ وقت کو انصاف کرتا دیکھ لوں
وقتِ آخرکے لئے تابشؔ کی ہے یہ آرزو
ظلم کی ہر اک حکومت کو بکھرتا دیکھ لوں
جعفر حسین تابش
مغلمیدان،کشتواڑ
رابط: 8492956626
ای میل:[email protected]
نعت
رخشاں ہے ترےؐ نور سے ہر رات مدینے میں
مل جائے ہے رحمت کی کرامات مدینے میں
انعام اُن پہ ہے تمہارےؐ فضل و کرم کا
اُٹھتے قدم جو چھوڑیں نشانات مدینے میں
ہوجائے تریؐ دید سے دل میرا منور
پائوں میں یہی خاص اک سوغات مدینے میں
چھپ جائیں اگر چاند اور سورج بھی کہیں دور
ہوتی ہے سدا نور کی برسات مدینے میں
ظاہر جو کسی پر میں کبھی کر نہیں پائی
کہدوں میں اپنے آقاؐ سے وہ بات مدینے میں
سکینہ اختر
کرشہامہ، کنزر ٹنگمرگ
موبائل نمبر؛9622897729