سری نگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے سفینہ بیگ کو پارٹی کے شعبہ خواتین کا سربراہ مقرر کیا۔ اس دوران سفینہ بیگ نے اپنے منصب کا چارج سنبھالنے کے بعد پی ڈی صدر محبوبہ مفتی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ محبوبہ مفتی نے مجھ پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے مجھے اس ذمہ داری کے لیے مقرر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرتی رہوں گی۔ سفینہ بیگ کا کہنا تھا کہ میں ریاست میں جاری تشدد سے پریشان خواتین تک پہنچ کر اُن کے دکھوں اور درد کا مداوا بننے کی ہر ممکن کوشش کروں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری اولین توجہ خواتین کو بااختیار بنانا اورریاست میں تشد دکی نذر ہوچکے یتیم اور بیوائوں کی بازآبادکاری پر ہوگی۔ انہوں نے خواتین کے مسائل پر بولتے ہوئے کہا کہ میں اپنے دائرہ کار میں رہ کر خواتین کے دکھ درد کا علاج ڈھونڈنے اور انہیں ذہنی پریشانی سے چھٹکارا دلانے کے لیے جدوجہد کرتی رہوں گی۔ سفینہ بیگ نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ریاستی وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی مستقبل میں کی جانے والی میری کوششوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتی رہیں گی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر مظفر حسین بیگ کو ایک قدآور شخصیت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پراُن کی بصیرت سے کافی متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں مظفر حسین بیگ کی طرح ہی سیاست کو عبادت جان کر آگے لے جائوں گی۔ کٹھوعہ واقعہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے اور جن لوگوں کو بھی اس واقعہ میں مجرم پایا جائے گا انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ واضح رہے سفینہ بیگ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے لاء گریجویٹ جبکہ جامعہ ملیہ ہونیورسٹی دہلی سے انہوں نے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے جس کے بعد موصوفہ نے کشمیر ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔