گاندربل//وائل گاندربل میں ایک ہی جگہ قائم دو سرکاری سکولوں کے اردگرد موجود درجنوں سفیدوں سے سکولی عمارتوں اور طلاب کو خطرہ لاحق ہے ۔گورنمنٹ گرلز مڈل سکول میں 50 سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیںجبکہ اسی احاطے میں قائم گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں 30 بچے زیر تعلیم ہیں۔مڈل سکول کی دو عمارتیں ہیں اور پرائمری سکول کا کام کاج ایک ہی عمارت میں جاری ہے۔دونوں سکولوں کے عقب میں وائلڈ لائف کا رینج آفس ہے جس میں کنٹرول روم ہے اورساتھ ہی محکمہ جنگلات کا رینج دفتر مانسبل موجود ہے جس میں درجنوں سفیدے استادہ ہونے سے وائلڈ لائف کی عمارت کے ساتھ ساتھ دونوں تعلیمی اداروں کی تینوں عمارتوں کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ معمولی ہوا چلنے سے سفیدوں کے گرنے کا احتمال رہتا ہے ۔ان سکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں کا کہنا ہے کہ مئی کے مہینے میں ان سفیدوں سے روئی کے گالے گرنے سے وہ بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق موسم ابر آلود رہنے کی صورت میں اکثر بچے سکول جانے کے بجائے گھروں میں بیٹھنے کو ہی میں ترجیح دیتے ہیں کیونکہ ہوائوں اور بارشوںکے دوران ان سفیدوں کے گرنے کا احتمال رہتا ہے۔چند سال قبل تیز ہوا چلنے سے ایک سفیدہ پرائمری سکول کی چھت پر گرگیا تھا جس کی وجہ سے چھت کو کافی نقصان پہنچا تھا۔مڈل سکول میں تعینات ایک استاد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے اس ضمن میں محکمہ تعلیم،محکمہ جنگلات اور ضلع انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے لیکن کسی نے بھی معاملے کی نسبت غور نہیں کیا۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل طارق حسین نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور جنگلات سے بات کرکے فوری طور پر سفیدے کاٹنے کی کاروائی کی جائے گی۔