سرینگر//معراج العالم کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزات علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام ، مکتب الزہرا حسن آباد اور باب العلم ہائر سکنڈری سکول بڈگام کے علاوہ کئی مقامات پر خصوصی تقاریب کاانعقاد کیا گیا، جہاں علماء نے واقعہ معراج پر روشنی ڈالی۔موصولہ بیان کے مطابق وہاب پورہ بڈگام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی نے عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ کا سفر معراج اور الٰہی اسرار و عجائبات کا آپؐ کی شان و عظمت اور مقام و منزلت کاعظیم ترین واقعہ ہے۔ آغاحسن نے کہا کہ نبی اکرمؐ کا سفر معراج عالم بشریت کیلئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے تسخیر کائنات کی دعوت ہے۔انہوں نے ملت اسلامیہ کی موجودہ زبوں حالی کو اسوۂ رسولؐ سے دوری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے فرزندانِ توحید سے تاکید کی کہ وہ مکمل طور پر اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں۔ اس دوران معراج العالم کی تقریب سعید کے موقعہ پرآثار شریف شہری کلاش پورہ میں ہر نماز کے بعد موئے مقدسؐ کی نشاندہی کی گئی۔نمازِ ظہر سے قبل ریاست کے عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی۔نمازِ ظہر کے بعدبقعہ عالیہ کے نشاندہ پیرزادہ منظور احمد نے موئے مقدسؐ کی نشاندہی کی ۔ایسی ہی تقاریب آثار شریف جناب صاحب صورہ، لال بازار ، پنجورہ شوپیاں، کھرم سرہامہ ، کعبہ مرگ، مکہ ہامہ ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں میں بھی منعقد ہوئیں جہاں تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔