عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ریاض//سعودی عرب میں رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں چھ ہزار سے زائد مساجد کی تزئین و آرائش اور دیکھ بھال پر 600 ملین ریال خرچ کیے گئے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک مملکت میں چھ ہزار سے زیادہ مساجد پر کام مکمل کیا ہے اور اس عرصے کے دوران 6 ہزار سے زائد مساجد کی دیکھ بھال، صفائی، بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں پر تقریباً 600 ملین ریال کی مشترکہ سرمایہ کاری کی گئی۔ان کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 5 ہزار 300 سے زیادہ مساجد کی دیکھ بھال پر 362 ملین ریال لاگت آئی۔ میقات الجعفہ، التنعیم اور المشعر الحرام سمیت اہم حج مقامات پر ایئرکنڈیشنگ کے نظام کو اپ گریڈ اور تزئین وآرائش کے کام پر 13.5 ملین ریال لاگت آئی جب کہ تین مساجد کو مکمل طور پر بحال کیا گیا جس میں ایک عمارت 13.5 ملین ریال میں تعمیر کی گئی۔اس کے علاوہ 66 مساجد کو 6.8 ملین ریال کی لاگت سے فرنشڈ کیا گیا۔ 683 مساجد میں گلاس پارٹیشن منصوبے کو مکمل کیا گیا جب کہ چار عمارتوں کی دیکھ بھال کے لیے 30 ملین ریال سے زیادہ مختص کیے ہیں۔