یو این آئی
جدہ//سعودی عرب کا دوسرا امدادی طیارہ امداد لے کر شامی عرب جمہوریہ کے حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کا دوسرا امدادی طیارہ شام کے الاذقیہ گورنریٹ میں جنگل کی آگ سے متاثرہ افراد کے لیے شیلٹرز سمیت دیگر سامان لے کر جمعے کو حلب کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔رپورٹ کے مطابق ریلیف آپریشن کی سربراہی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے وزارت دفاع کے تعاون سے کی ہے ، جو کہ شامی عوام کی مدد کے لیے وقف ہے ۔یہ اقدام شامی عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے مملکت کی امدادی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے ، یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز اور شام کی وزارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ساتھ تعاون کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں تاکہ جنگل کی آگ سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان اور مشینری فراہم کی جا سکے ۔اس معاہدے کا مقصد فیلڈ فائر فائٹنگ ٹیموں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے ذریعے موثر رسپانس کی صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔یاد رہے کہ شام کے مغربی جنگلات میں آگ لگ گئی تھی، آتشزدگی کے نتیجے میں 100 مربع کلومیٹر اراضی تباہ ہوگئی ہے تاہم 10 روز کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ہے ۔شام برسوں سے خانہ جنگی، معاشی بحران اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا شکار ہے ، اب موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں شدید گرمی، خشک سالی اور جنگلات کی آگ جیسے قدرتی خطرات سے بھی نبرد آزما ہے ۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت نے جون میں خبردار کیا تھا کہ شام کو گزشتہ 60 برسوں میں اتنے شدید موسمی حالات کا سامنا نہیں ہوا۔